کاروار:12؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) گرام پنچایت انتخابات کی تشہیری مہم کے دوران امیدواروں کے متعلق یو ٹیوب پر نا مناسب تشہیر اور انفرادی طورپر بدنام کئے جانے کی کافی شکایات موصول ہورہی ہیں، اس طرح کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس تعلق سے سخت کارروائی کی جائے گی، اس بات کا انتباہ اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے دیا ہے۔
جمعہ کو اخبارنویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی نے بتایا کہ گرام پنچایت انتخابات کو لےکر کئی لوگ یوٹیوب پر اپنا اپنا چینل بنا کرانتخابی امیدواروں کوبدنام کرنےکی کوشش کررہے ہیں، ان کی ہتک کئے جانےکے متعلق شکایات موصول ہورہی ہیں۔ ایسی شکایات کی جانچ کی جائے گی اگر کوئی خاطی پایا جاتاہے تو ضلع ڈی سی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس تعلق سے کارروائی کریں۔ اسی لئے ہم انتخابی تشہیری مہم میں شامل لوگوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی امیدوار کی شخصی ہتک ، بے عزتی پر مبنی وڈیو وغیرہ نشر نہ کریں ورنہ ان پر سخت کارروائی ہوگی۔